ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملکی انتشار کی سیاست پروان چڑھانے والی سیاست نے بہت نقصان پہنچایا، اب مزید معاملات فیض حمید کی گرفتاری کے بعد آگے بڑھیں گے، شواہد سامنے آرہے ہیں بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا تھا، جنوبی ایشیاء کی پہلی موٹر وے نواز شریف نے تعمیر کروائی۔ ان کے برعکس ایک سیاسی لیڈر نے ملک میں انتشار کی سیاست پروان چڑھائی، اس کے ساتھ ساتھ ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کیں، جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ان سازشوں میں شامل تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں تمام تر سازش کے سرغنہ عمران خان اور فیض حمید تھے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ شواہد سامنے آرہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا، باقی اداروں کو بھی خود احتسابی کرنی چاہیے، ثاقب نثار ہو یا جو بھی ہو معاملات وقت کے ساتھ ساتھ آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سردار لطیف کھوسہ نے سرینا عیسیٰ کے بارے میں جو کہا وہ انہیں زیب نہیں دیتا، پی ٹی آئی حکومت میں چیف جسٹس کی اہلیہ کوکٹہرے میں کھڑا کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا، انہوں نے ہی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صارفین کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف دیا جو یقینی طور پر سراہا جانا چاہئے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ طالبان کو واپس لا کر بسایا گیا، یہ بھی گٹھ جوڑ ہے، بانی پی ٹی آئی نے ملک کے امن کو خراب کیا، جو ملک کے خلاف سازشیں کرنا چاہے گا اس کا انجام یہی ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ آپ کو پتہ ہونا چاہیے تعصب کیسا ہوتا ہے، ہم فوج کے خود احتسابی عمل کو خوش آئند سمجھتے ہیں، باقی اداروں کو بھی خود احتسابی کا عمل شروع کرنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا جنرل فیض کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے، فوج نے شفاف تحقیقات کیں، اندرونی تحقیقات کا فوج کا اپنا میکنزم ہے۔
ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی نے ملک میں تقسیم، نفرت اور انتشار کی سیاست کی، تمام سازشوں کے سرغنہ بانی پی ٹی آئی تھے، بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری فیض حمید اور باقی افسران کر رہے تھے۔ شواہد سامنے آرہے ہیں بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا۔
Load/Hide Comments