صوبائی حکومتوں سے تعاون

بجلی چوری : وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں سے تعاون مانگ لیا

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومتوں سے تعاون مانگ لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت توانائی اور پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال اور اویس لغاری سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس کو پاور ڈویژن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی،وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) کو بجلی چوری روکنے کیلئے پولیس اور تحصیلدار فراہم کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنانا اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی ترسیل کی 5کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین، ممبران کی تعیناتی شفاف طریقے سے کی گئی ہے ۔
امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، صوبائی حکومتیں ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق انسداد بجلی چوری کے لیے پولیس اور تحصیلدار دیں۔
وزیراعظم نے اجلاس میں ڈسکوزکی شکایات کے ازالے سے متعلق کچہریوں کا نظام موثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کردی ۔
شہباز شریف نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مزید پڑھیں:  ہری پور میں موٹر سائیکل اور گاڑی میں تصادم ، 1 شخص جاں‌بحق