نازش جہانگیر نے درفشاں سے متعلق دیے گئے بیان پر یوٹرن لے لیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے ماضی میں درفشاں سلیم سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت پیش کردی۔
ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران شو کے میزبان نے نازش جہانگیر سے سوال کیا تھا کہ وہ کونسی پاکستانی اداکارہ ہیں جو ٹیلنٹ کے بجائے قسمت سے زیادہ مقبول ہوئی ہیں؟
اس سوال کے جواب میں نازش جہانگیر نے مقبول ڈرامہ سیریل ‘عشق مرشد’ کی اداکارہ درفشاں سلیم کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ٹیلنٹ سے زیادہ اپنی قسمت سے شوبز انڈسٹری میں کامیاب ہو رہی ہیں۔
نازش جہانگیر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا تھا جس کے بعد اداکارہ کو درفشاں سلیم کے مداحوں نے کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
اب اس حوالے سے نازش جہانگیر نے ایک بار اپنے حالیہ انٹرویو میں بات کی، اس بار اداکارہ نے اپنے بیان پر وضاحت دی۔
نازش جہانگیر نے کہا کہ درفشاں سلیم سے متعلق، میرے بیان کو غلط رنگ دیا گیا، میرا کہنے کا مطلب یہ تھا کہ اگر کسی اداکار کی قسمت اچھی ہو تو اُسے اچھے پراجیکٹس ملتے ہیں اور ماشاءاللہ! درفشاں سلیم کی قسمت بہت اچھی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ کوئی بھی انسان اپنے ٹیلنٹ سے بڑھ کر زیادہ اچھا کام اُسی صورت میں کرتا ہے جب اُس کی قسمت اچھی ہوتی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنی ساتھی اداکاراؤں کی تعریف کرتی ہوں، درفشاں سلیم بہت اچھا کام کررہی ہیں اور مجھے اُن کے کام پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ درفشاں سلیم انتہائی کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں، اُنہیں ‘جیسی آپ کی مرضی’، ‘خئی’، ‘عشق مرشد’ اور ‘کیسی تیری خود غرضی’ جیسے بلاک بسٹر ڈراموں سے مقبولیت ملی۔

مزید پڑھیں:  اداکار نہیں بنتا تو والد کے کہنے پر بریانی بیچ رہا ہوتا، فہد مصطفیٰ