ویب ڈیسک: بجلی سستی نہ ہونے پر ایمل ولی خان کی دھرنے کی دھمکی، یہ جماعت اسلامی کے بعد بجلی مہنگی ہونے کے خلاف دوسرا دھرنا ہوگا.
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے مہنگی ہوتی بجلی کے مسئلے کے حوالے سے کہا ہے کہ سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کر رہا ہے لیکن فی یونٹ 14 روپے ریلیف پنجاب میں دیا جارہا ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس صوبے میں آئی پی پیز کی بھرمار ہے وہاں ووٹ بینک کی خاطر بلوں میں کمی کی جا رہی ہے، دوسری طرف ہمارا صوبہ ہے جہاں آئی پی پیز سے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں ہو رہی پھربھی یہاں کے عوام آئِی پی پی کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر یہاں آئِی پی پی سے بجلی پیدا ہو نہیں رہی تو خیبرپختونخوا آخر کیوں اس کا بوجھ برداشت کرے؟
اے این پی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ اگر پختونخوا میں بجلی کے نرخوں میں کمی نہ کی گئی تو ہم ایک ماہ بعد اسلام آباد جا کر دھرنا دیں گے۔
انہوں نے پنجاب میں 14 روپے فی یونٹ کمی کے حوالے سے کہا کہ پیداواری لاگت کے حساب سے پختونخوا میں بجلی کے نرخوں کا تعین بھی صوبے کا حق ہے۔
نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں صوبے میں 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 2 ماہ کیلئے 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا جسے وزیراعظم نے سراہا تھا۔ اس پر ایمل ولی خان نے کہا کہ پنجاب میں بجلی سستی کی جا سکتی ہے تو خیبرپختونخوا میں بجلی قیمت کم کرنا ہمارا استحقاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی مد میں پختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے وفاقی حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔
یاد رہے کہ بجلی سستی نہ ہونے پر ایمل ولی خان کی دھرنے کی دھمکی، یہ جماعت اسلامی کے بعد بجلی مہنگی ہونے کے خلاف دوسرا دھرنا ہوگا.
Load/Hide Comments