لیجنڈری گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے زندگی کی 73 بہاریں دیکھ لیں

سات مختلف زبانوں میں50 ہزار سے زائد گیت گا کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے نامور گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے زندگی کی 73 بہاریں دیکھ لیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ آڈیو گانے ریکارڈ کرانے پر عطاءاللہ عیسی خیلوی کا نام 1994 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا۔
ممتاز فوک گلوکار 19 اگست 1951 کو ضلع میانوالی کے علاقہ عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، 1972 میں پہلی بار ریڈیو پاکستان پر گانا سنایا تو ان کی آواز کو بہت زیادہ پسند کیا گیا۔
1973 میں ہی عطاءاللہ عیسی خیلوی نے پی ٹی وی کے معروف پروگرام ’نیلام گھر‘ اور 1973 ہی میں اپنے آبائی علاقہ میانوالی میں ایک کنسرٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے لاکھوں دلوں میں گھر کر لیا۔
عطااللہ عیسی خیلوی نے ایک ہی سیشن میں چار فوک البمز ریکارڈ کرا کے میوزک کمپنی کو حیران کردیا، 1977میں ان کے یہ البمز ریلیز ہوئے تو اس قدر مقبول ہوئے کہ ہر سو ان کے ہی گانے چل رہے تھے۔
حکومت پاکستان کی طرف سے انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سمیت متعدد اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  مشہور بھارتی کامیڈین جونی لیور کا پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار