تحریک انصاف بطور سیاسی جماعت

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت تسلیم کرلیا

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت تسلیم کر لیا تاہم پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات تاحال الیکشن کمیشن نے منظور نہیں کئے گئے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹرڈ جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی گئی جس میں 166سیاسی جماعتیں شامل ہیں، الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے انٹراپارٹی انتخابات تسلیم کرلیے۔
الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ میاں نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں، وہ بلامقابلہ مسلم لیگ ن کے صدر منتخب ہوئے تھے۔
الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے انٹرا پارٹی الیکشن بھی تسلیم کر لیے، الیکشن کمیشن نے کئی سیاسی جماعتوں کے نئے پارٹی صدر یا چیئرمین کے نام بھی اپ ڈیٹ کر دیئے۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو سیاسی جماعت تسلیم کرلیا، تحریک انصاف تاحال رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرستوں میں موجود ہے تاہم تحریک انصاف بغیر صدارت سیاسی جماعتوں کی فہرست میں شامل ہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سنے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات تاحال منظور نہیں کئے گئے ۔
تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کا کیس تاحال زیر التوا ہے اور انٹرا پارٹی انتخابات نہ ہونے کے باعث بلے کے انتخابی نشان سے محروم ہے۔
نئی فہرست میں پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی چیئرمین کا نام تاحال اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے میاں نواز شریف کا نام بطور صدر مسلم لیگ ن اپ ڈیٹ کر دیا جبکہ جماعت اسلامی کے امیر نعیم الرحمان خان کا نام بطور پارٹی سربراہ اپ ڈیٹ ہوگیا۔
اسی طرح محمود خان کا نام بطور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین نئی فہرست میں شامل ہوگیا جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا نام بطور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین موجود ہے۔
نئی فہرست میں بلاول بھٹو زرداری کا نام بطور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی شامل ہے اور اسفندیار ولی خان کا نام تاحال بطور صدر عوامی نیشنل پارٹی موجودہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی