مختلف اضلاع میں بارشوں سے 7

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے 7 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے 7 افراد کی زندگیاں بہا لے گئیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاںبحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں جبکہ مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
گزشتہ شب بنوں کے گردونواح میں موسلادھار بارش شروع ہوئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی، اس دوران تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع خوڑگئی ڈومیل میں بخت اللہ کے گھر پر آسمانی بجلی آگری جس سے گھر کی چھت گر گئی۔
اس واقعہ کے بعد علاقہ مکین فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے ریسکیو 1122 کو اطلاع دی ، علاقہ مکینوں اور ریسکیو عملہ نے ملبے تلے آنے والے گھر کے افراد کو نکالا۔
اس دوران 12 سالہ نائمہ اور 18 سالہ صائمہ دختران بخت اللہ ساکنان خوڑگئی موسیٰ خیل ڈومیل جاں بحق ہوگئیں جبکہ 39 سالہ جرنیلہ زوجہ بخت اللہ ، 16 سالہ سہیل ، 13 سالہ امجد پسران بخت اللہ ، 21 سالہ جمیل ، 18 سالہ شیرمان ، 16 سالہ اللہ نور ، 15 سالہ عنائت اللہ پسران سوات خان زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر خلیفہ گل نواز ہسپتال پہنچایا گیا۔
واضح رہے کہ گھر کا سربراہ بخت اللہ دبئی میں محنت مزدوری کیلئے گیاہوا ہے جبکہ متوفیہ صائمہ دینی عالمہ اور نائمہ حافظ قرآن تھیں۔
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے گاوں طاہر خیل میں طوفانی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس سے کمرے میں سوئی ہوئی مسماة ماہ نور ذوجہ غضب دین اور اس کا بیٹا عقل دین ولد غضب دین بیٹنی ساکن ضلع ٹانک حال جھوک طاہر خیل دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 2بچے معمولی زخمی ہوگئے۔
اسی طرح تحصیل پہاڑ پور کے علاقہ کوٹجائی عیدگاہ جنوبی موچیاں والا محلہ میں کمرہ گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال ڈیرہ منتقل کردیاگیا جبکہ طوفانی بارش کے باعث تحصیل پہاڑ پور میں متعدد مکانات کی بوسیدہ دیواریں بھی گر گئیں جن میں مجموعی طور پر 4افراد زخمی ہوگئے۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کی نواحی تحصیل پہاڑ پور کے علاقہ کاٹھ گڑھ میں تین سالہ بچی ایک نالے میں گر کر ڈوب گئی، تاہم بچی کی نعش تاحال نہیں مل سکی۔
دریں اثناءپی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث مہمند، مانسہرہ اور ٹانک اضلاع میں بھی نقصانات ہوئے ہیں ، مانسہرہ میں دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ضلع مہمند میں ایک خاتون کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
گذشتہ روز زیادہ نقصانات ہونے کی وجہ سے محکمہ ریلیف کی جانب سے اپرچترال میں 30 اگست تک ایمرجنسی بھی نافذکردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے 7 افراد کی زندگیاں بہا لے گئیں۔ ڈیرہ، بنوں، مانسہرہ اور مہمند میں بارشوں سے جہاں‌موسم خوشگوار ہوا وہیں کئی گھروں‌میں‌صف ماتم بھی بچھ گئی ۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کورونا کا شکار ،ٹیسٹ مثبت آگیا