حماس نے نئی اسرائیلی شرائط مسترد

قاہرہ مذاکرات ناکام، حماس نے نئی اسرائیلی شرائط مسترد کر دیں

ویب ڈیسک: غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قاہرہ مذاکرات ناکام ہو گئے، جنگ بندی معاہدے کے دوران حماس نے نئی اسرائیلی شرائط مسترد کر دیں۔
ذرائع کے مطابق حماس اور اسرائیل نے ثالثوں کی جانب سے متعدد تجاویز پر اتفاق نہ کرتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا۔
اس موقع پر حماس رہنما اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدہ فوری کرانے کی امریکا کی باتیں غلط اور جاری صدارتی انتخابی مہم میں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں۔
قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے حوالے سے اسامہ حمدان نے بتایا کہ حماس نے نئی اسرائیلی شرائط مسترد کرتے ہوئے جولائی میں جنگ بندی تجاویز پر قائم رہنے کا عندیہ دیا۔
یاد رہے کہ حماس کا وفد قاہرہ مذاکرات کے بعد دوحا واپس چلا گیا۔ اسرائیل نے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں مصر بارڈر کے قریب قبضہ برقرار رکھنے اور بے گھر فلسطینیوں کی سکریننگ کی شرائط رکھی تھیں۔
قومی سلامتی مشیر وائٹ ہاؤس جیک سلیوان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کیلئے امریکا اب بھی کوشاں ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم نے مصر سے ملحقہ غزہ پٹی کے فلاڈیلفی کوریڈور کا کنٹرول چھوڑنے کی مخالفت کی تھی جبکہ مذاکراتی ٹیم نیتن یاہو کے اس آئِڈیے کی مخالف نکلی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے مطابق فلاڈیلفی کوریڈور میں قائم چیک پوائنٹس برقرار رکھے جائیں گے۔
اس کے برعکس اسرائیلی مذاکراتی ٹیم نے نیتن یاہو کے فلاڈیلفی کوریڈور کے اس نکتے سے اختلاف کرتے ہوئے ان شرائط میں نرمی پر زور دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ہونیوالی بات چیت ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے، اس کے پیچھے کہیں اسرائیلی ہڈ دھرمی ہے تو کہیں امریکی مداخلت، حالیہ صیہونی بمباری کی وجہ سے غزہ میں جہاں شہادتیں 40 ہزار سے تجاوز کر گئیں وہیں پولیو کے کیسز بھی رپورٹ ہو رہے ہیں.

مزید پڑھیں:  یوم دفاع پاکستان و شہداء ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا