خیبر پختونخوا میں ان سطورکی تحریر کے وقت سے اگلے چند دن تک شدید بارش اور بادل پھٹنے سے متعلق کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق مون سون ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے جا رہا ہے، جس سے شہری علاقوں میں اربن فلڈ کے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے اور پشاور ،نوشہرہ میں دریاؤں سے متصل علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، شہری علاقوں میں اربن فلڈ کے خطرے کے پیش نظر پیشگی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ،یاد رہے کہ چند برس قبل بھی صورتحال انتہائی خطرناک ہو گئی تھی اور نوشہرہ کا نصف حصہ ڈوب جانے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر یا تو قریبی عزیزوں کے ہاں، یا پھر سرکار کی جانب سے بعض سرکاری عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے اس دور میں ہنگامی بنیادوں پر صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے کیلئے کشتیاں اور خیمے وغیرہ بھی خرید لئے تھے، اب اگر خدانخواستہ پشاور اور نوشہرہ ،اکوڑا وغیرہ کیساتھ بہنے والے دریاؤں میں سیلاب اور طغیانی کے خطرات موجود ہوں تو ان کشتیوں کو جہاں” محفوظ ”کیاگیا ہے ان کو ابھی سے بازیاب کر کے الرٹ پر رکھا جائے اور دیگر ضروری اقدام بھی اٹھا لئے جائیں، ایمرجنسی کیلئے ضروری فنڈز کی فراہمی کا بندوبست بھی ضروری ہے ،جبکہ وہ نجی ادارے جو ایسی صورتحال میں ہمیشہ متاثرین کی امداد کیلئے آگے آگے ہوتے ہیں وہ بھی اپنے رضاکاروں کو ابھی سے فعال کر دیں، تاکہ ممکنہ متاثرین کی دادرسی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔