تنظیم تاجران کا 28 اگست کو

تنظیم تاجران کا 28 اگست کو گوادر تا خیبر ملک گیر ہڑتال کا اعلان

ویب ڈیسک: تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے صدر حاجی شرافت علی مبارک اور صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی ظاہر شاہ نے ضلع چارسدہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کی، اپنے خطاب میں تنظیم تاجران کا 28 اگست کو گوادر تا خیبر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہنا ہے کہ تاجروں کے حقوق کے حصول کیلئے ہمہ وقت تیار اور متحد ہیں.
تنظیم تاجران کے صوبائِی صدر حاجی شرافت علی مبارک نے کہا کہ تمام تاجر تنظیمیں تاجروں کے حقوق کے حصول کے لئے ایک چھتری تلے متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ظالمانہ پالیسی کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریں گے، آج ایف بی آر نے لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ان کی اسی ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف 28 اگست کو گوادر تا خیبر ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ملک کی مستحکم معیشت کی خاطر جائز ٹیکس دینے کے لیے تیار ہیں تاہم غیر منصفانہ ٹیکس کسی صورت نہیں دیں گے۔
صوبائی صدر حاجی شرافت علی مبارک نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے تاجر برادری آج معاشی بدحالی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے کھڑی ہے۔
چارسدہ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ تاجر دوست سکیم کو تاجر دشمن سکیم سمجھتے ہیں۔ ائی پی پیز کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اٹا، دال اور گھی سمیت اشیائے خوردونوش پر ٹیکس باعث شرم ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کا تاجر برادری کا ساتھ دینا قابل ستائش ہے، دیگر سیاسی جماعتیں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری کا ساتھ دیں۔
صدر تاجر تنظیم خیبرپختونخوا نے پرعزم انداز میں کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل اور حقوق کی حصول کے لیے اخری حد تک جائیں گے۔
یاد رہے کہ تنظیم تاجران کا 28 اگست کو گوادر تا خیبر ملک گیر ہڑتال کا اعلان ، صوبائی صدر نے تاجروں کے حقوق کے حصول کیلئے ہمہ وقت تیار اور متحد رہنے کا عزم بھی ظاہر کیا.

مزید پڑھیں:  مہمند میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ،ایک سکیورٹی اہلکار شہید