ویب ڈیسک: بلوچستان میں دہشتگردی واقعات پر صدر اور وزیراعظم کا اظہار افسوس جبکہ اس موقع پر تحقیقات کا حکم دیدیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موسیٰ خیل میں مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کر قتل کرنے کے دہشتگردانہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں، اس واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں کلیئرنس آپریشنز کے دوران جوانوں اور مختلف واقعات میں معصوم شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد پوری قوم ، انسانیت اور ترقی کے دشمن ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ قوم بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم پوری قوم کی مدد سے دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم شہدا کی احسان مند رہے گی اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے شہادت پانے والے جوانوں کی بہادری اور جذبہ قربانی کی تعریف، شہدا کیلے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
یاد رہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی واقعات پر صدر اور وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔
Load/Hide Comments