ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے ملک میں دہشت گردی واقعات پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آپریشن عزم استحکام کیلئے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال سمیت 6نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے آپریشن عزم استحکام کیلئے20 ارب روپے کی منظوری دیدی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی سے بھی 20 ارب روپے کی منظوری لی جا چکی ہے، انسداد دہشتگردی کیلئے وفاقی کابینہ اپنی مسلح افواج کی مدد کریگی۔
کابینہ اجلاس میں ریکوڈک منصوبے کی سکیورٹی کی مد میں ایف سی بلوچستان کیلئے ایک ارب 95 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے اپنے اخراجات کم کرنے اور کفایت شعاری کا بھی فیصلہ کیا۔
وفاقی حکومت میں رائٹ سائزنگ کمیٹی پہلے مرحلے کی سفارشات پیش کی گئیں جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس میں سی سی ایل سی اور ای سی سی اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی، کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 اگست کے فیصلوں کی توثیق کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ کو پی ڈبلیو ڈی کے سٹاف اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کی منتقلی کے امور پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں بیرون ملک کنونشن ریکوری آف میٹیننس سے متعلق ایجنڈا آئٹم کا بھی جا ئزہ لیا گیا۔
Load/Hide Comments