بلوچستان میں بارشوں سے تباہی

بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، سینکڑوں مکانات منہدم،مزید3افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے ،سینکڑوں مکانات منہدم ہونے کے علاوہ کوئٹہ چمن شاہراہ بھی کئی جگہ سے بہہ گئی۔
بارشوں سے ہونے والے حادثات کے نتیجے میں مزید 3افراد جاں بحق جبکہ جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 33ہو گئی ہے ۔
طوفانی بارشوں کے باعث صوبے کے کئی اضلاع میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروسز اور بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ۔
دوسری جانب سمندری طوفان اسنی کے اثرات بلوچستان میں نظر آنے لگے۔
بلوچستان کے اضلاع زیارت، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لورالائی، جھل مگسی، سبی، جعفر آباد، نصیر آباد، لسبیلہ اور بولان میں طوفانی بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
صوبائی حکومت نے قلات، زیارت، صحبت پور، لسبیلہ، آواران، جعفرآباد، اوستہ محمد، لورالائی اور چاغی کے بعد جھل مگسی کو بھی آفت زدہ قرار دے دیا۔
چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں سیلاب سے باغات اور فصلوں کونقصان پہنچا ہے، چاروں اضلاع میں کئی کلو میٹر سڑکیں، پل اور متعدد گھر ریلوں میں بہہ گئے۔
حکومتی کنٹرول روم کے مطابق قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سینکڑوں بے گھر افراد کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔

مزید پڑھیں:  یحییٰ السنوار کو محفوظ راستہ دینے کی تجویز اسرائیل نے کبھی نہیں دی، حماس