669 منشیات سمگلروں کی نشاندہی

669 منشیات سمگلروں کی نشاندہی، کریک ڈاون کیلئے تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک: صوبہ بھر میں 669 منشیات سمگلروں کی نشاندہی اور مابعد ان کے خلاف کریک ڈاون کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں منشیات کی ترسیل میں ملوث 669 سمگلرز کی نشاندہی قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کرلی ہے۔ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو سمگلروںکیخلاف بڑی کارروائی کرنے اور تعلیمی اداروں کے اطراف ٹارگٹڈ آپریشن کی ہدایت کردی ہے۔
انٹی نارکوٹکس فورس، خیبر پختونخوا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور فرنٹیئر کور کی جانب سے مشترکہ طور پر مرتب کردہ منشیات سمگلرز کی فہرست میں 669 سمگلروں کی نشاندہی کی گئی ہے، ان کے نام ، ان کے حمایتی یافتہ بڑے سمگلرز، سپلائی چین اور منشیات کی تیاری میں ملوث تمام افراد کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبہ بھر میں ڈویژنل سطح پر کمشنرز کی سربراہی میں مشترکہ کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جن میں اینٹی نارکوٹکس فورس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیاں شامل ہیں۔
تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو منشیات تیار اور سمگل کرنے والوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا اختیار سونپ دیا گیا ہے۔
اسی طرح عدالتوں میں زیر التواءکیسز اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کے بعد انوسٹی گیشن کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنیوالوں کیخلاف بھی گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کے اطراف بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ آپریشن کیاجائے گا جس میں انٹی نارکوٹکس فورس اور ایکسائز کے ساتھ ساتھ پولیس بھی شریک ہوگی ۔
یاد رہے کہ 669 منشیات سمگلروں کی نشاندہی کے بعد ان کیخلاف مکمل اور بھرپور کریک ڈاون کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  عمران ریاض سمیت 7افراد کیخلاف مقدمہ درج