ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں ایئر ایمبولینس سروس کیلئے بیرونی فنڈنگ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ صحت کو اہم اہداف تفویض کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ایمرجنسی سروسز کیلئے ایئرایمبولینس سروس کے آغاز کے اعلان پر بیرونی فنڈنگ کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ صحت کو چار ماہ کے اندر انٹرنیشنل ڈونرز کےساتھ معاملات زیر بحث لانے اور سروس شروع کرنے کے اہداف حوالہ کردئیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
اس کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں3سو ملین یعنی30کروڑ روپے کی لاگت پر مشتمل منصوبہ شامل کیا گیا ہے جن میں سے اس منصوبے کیلئے امسال محکمہ صحت کے ترقیاتی بجٹ میں1کروڑ روپے یعنی10ملین روپے بھی مختص کئے گئے ہیں، تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے کیلئے بیرونی فنڈنگ بھی لینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اس ضمن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے چار ماہ میں منصوبہ پر آغاز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے تجاویز اور سفارشات کی منظوری صوبائی حکومت سے لی جائے گی، چونکہ اس میں بیرونی فنڈنگ بھی شامل کرنے کا امکان ہوگا، اس لئے صوبائی حکومت سے اس منصوبے کی منظوری کے بعد حتمی منظوری کیلئے اس کا پی سی ون ایکنک کو ارسال کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں ایئر ایمبولینس سروس کیلئے بیرونی فنڈنگ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، اس سلسلے میں اہداف کے حصول میں کئی مہینے کا وقت درکار ہوگا۔
اس کے بعد بھی بڈنگ وغیرہ میں کافی وقت لگے گا۔ اس لئے یہ منصوبہ کم ازکم ایک سال تک وسیع ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ صحت کے حکام کا دعویٰ ہے کہ اس ضمن میں بیرونی مدد ڈھونڈ لی گئی ہے اور یہ منصوبہ بیرونی امداد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔
Load/Hide Comments