ویب ڈیسک: سعد رضوی اور اشرف جلالی کے خلاف ہالینڈ کی عدالت میں مقدمہ کر لیا گیا۔ ان پر ڈچ سیاستدان گیرٹ وائلڈرز کے قتل کی ترغیب کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی اور ان کی جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے والے دھڑے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف جلالی کے خلاف پیر کو ہالینڈ کی ایک اعلیٰ سکیورٹی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔
دونوں پر لوگوں کو مشتعل کرنے اور انتہائی دائیں بازو کے اسلام مخالف ڈچ سیاستدان گیرٹ وائلڈرز کے قتل کی ترغیب کا الزام ہے۔
فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈچ پراسیکیوٹرز نے 56 سالہ محمد اشرف جلالی پر اپنے پیروکاروں سے وائلڈرز کو قتل کرنے کی ترغیب کا الزام عائد کیا ہے۔
سعد رضوی پر پیروکاروں کو وائلڈرز کو قتل کرنے کی ترغیب دینے کا شبہ ہے۔
خیال رہے کہ ڈچ عدالت اس سے پہلے پاکستانی کرکٹر خالد لطیف پر بھی اسی طرح کا مقدمہ چلا کر انہیں سزا سنا چکی ہے۔
دونوں مذہبی جماعتوں کے رہنماوں کے خلاف مقدمہ ان کی غیرحاضری میں چلایا جارہا ہے۔
مقدمے کی سماعت ایمسٹرڈیم کے شیفول ہوائی اڈے کے قریب ایک انتہائی محفوظ کورٹ ہاوس میں ہوئی۔
ڈچ حکام نے پاکستان سے مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کرنے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے لئے قانونی مدد کی درخواست کی، تاہم باہمی قانونی معاونت کے لیے پاکستان کے ساتھ کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔
دونوں افراد کٹہرے میں پیش نہیں ہوئے، نہ ہی کسی آدمی کے پاس قانونی نمائندگی موجود تھی۔
یاد رہے کہ گیرٹ وائلڈرز نے اگست 2018 ءمیں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اہتمام کرنے کی کوشش کی تھی، جس پر گزشتہ سال ستمبر میں، نیدرلینڈ ججوں نے خالد لطیف کو وائلڈرز کے قتل پر اکسانے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
Load/Hide Comments