ویب ڈیسک: سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت بحال کرنے کیلئے وزارت خزانہ کی جانب سے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، اس دوران 1 اعشاریہ75 ارب ڈالر قرض کیلئے پاکستان کی وزارت خزانہ نے 3 بینکوں سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سے 80کروڑ ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک کے تجارتی قرضےکو بحال کرنے کی رسمی درخواست کر دی ہے تاکہ اپنی فنانسنگ کا خلا پر کیا جا سکے جو کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ سے منظوری کے حصول کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع نے ب تایا ہے کہ مجموعی طور پر تینوں بینکوں اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن، آئی ڈی بی اور ایس سی بینک سے 1 اعشاریہ75 ارب ڈالر قرض کی درخواست کی گئی ہے۔
اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے 40 کروڑ ڈالر قرض کموڈیٹی خریداری کیلئے، اسلامک ڈویلپمنٹ بینک سے 35 کروڑ ڈالر پراجیکٹ فنانسنگ جبکہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ سے ایک ارب ڈالر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ و دیگر سورسز کی مد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بینک نے اصولی طور پر پاکستان کیلئے قرض کی کریڈٹ لائن بحال کرنے پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان کمرشل بینکوں سے قرض لانگ ٹرم کیلئے تقریباً 5 فیصد شرح سود پر لیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ تینوں بینکوں سے قرض لینے کیلئے وزارت خزانہ کے حکام مسلسل رابطے میں ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ ادھار تیل کی سہولت حاصل کرنے کیلئے معاہدہ تعطل کا شکار ہے جبکہ دوسری طرف وزارت خزانہ فنانسنگ گیپ پورا کرنے کیلئے 4 سورسز سے ارینجمنٹ کیلئے کوشیشں کر رہی ہے۔
ادھر پاکستان نے ایسی ہی درخواست سعودی عرب سے بھی کر رکھی ہے کہ وہ 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر کی سعودی تیل کی سہولت بحال کرے اور سعودی عرب سے اس کی تصدیق حاصل ہوتے ہی پاکستانی حکام آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے اظہار ارادہ ( لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط کر کے اسے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ کو بھجوانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ7ارب ڈالر کی توسیع شدہ فنڈفیسلیٹی کا پروگرام حاصل کیا جا سکے۔
تجارتی قرضوں کیلئے حکومت کو پیپراکے قواعد سے چھوٹ کی درخواست بھی کرنا پڑے گی۔ پاکستان اپنے دوست ممالک سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات سے ایک برس کے دوران 12 ارب ڈالر کے قرض کا رول اوور حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق سینیٹر محمد اورنگزیب نے سٹینڈرڈ چارٹرڈ کے گلوبل ہیڈ کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ مسٹر سنیل کوشل سے ایک ورچوئل اجلاس میں سرمایہ کاری کے مواقع کو توسیع دینے کے حوالے سے گفتگو کی۔
Load/Hide Comments