وارنٹ اسلام آباد پولیس کو موصول

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ اسلام آباد پولیس کو موصول

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ اسلام آباد پولیس کو موصول ہو گئے۔ دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے راہداری ریمانڈ کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری تھانہ بہارہ کہو پولیس کو موصول ہو گئے ہیں۔
اس میں ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو وارنٹ گرفتاری کی فوری تعمیل کا حکم دیا گیا ہے۔ جاری ہونے والے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر علی امین گنڈاپور کے ڈی آئی خان کے گھر کا پتہ درج کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق وزیراعلی ہاؤس پشاور کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو کل علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں عدالتی احکامات پر گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ علی امین گنڈاپور نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف راہداری ریمانڈ کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
اس کے علاوہ علی امین گنڈاپور نے جوڈیشل مجسٹریٹ کےآرڈر کے خلاف سیشن عدالت اسلام آباد سے بھی رجوع کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلحہ و شراب برآمدگی کے مقدمے میں بریت کی درخواست زیر التوا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے خلاف قانون وارنٹ گرفتاری جاری کیے، وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حکم نامے کے خلاف نظرثانی اپیل منظور کرنے سمیت ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ اسلام آباد پولیس کو موصول ہو گئے۔ دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے راہداری ریمانڈ کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر تباہ، 2 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی