جماعت اسلامی سول نافرمانی تحریک

جماعت اسلامی نے سول نافرمانی تحریک کی دھمکی دیدی

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی نے عوام کو بجلی میں ریلیف نہ ملنے پرملک میں سول نافرمانی تحریک شروع کرنے کی دھمکی دے دی ۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مفادات کی سیاست کرنے والوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، اگر حکومت ریلیف نہیں دے گی تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کر سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے، امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مزودر بے روزگار ہو رہے ہیں، ان لوٹ مار کرنے والوں کو معلوم نہیں روزانہ کا پٹرول کتنے کا ڈلتا اور بجلی کا بل کتنا آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی کے بل کم کرنے پڑیں گے، عوام کے ساتھ مل کر مافیا کا مقابلہ کریں گے، بجلی کی قیمت میں اضافہ سے صنعت نہیں چل سکتی، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر بنیں، جماعت اسلامی سب کی آواز بن رہی ہے، حکومت کے ساتھ معاہدہ ہوا جس کے 17 دن باقی رہ گئے ہیں، اب ہڑتال ہوگی تو وہ پہیہ جام ہڑتال ہوگی، پھر ہم بجلی بلوں کا بائیکاٹ کریں گے پھر دیکھیں گے کون بجلی کاٹنے آتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر ان لٹیروں کے خلاف لڑیں گے۔

مزید پڑھیں:  صیہونیوں کی خوفناک بمباری کے باعث 46 فلسطینی شہید