ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہداء ہمارا فخر ہے ان کی وجہ سے ہم کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں ۔
صوابی میں کرنل شیر خان شہید کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ پاکستان انہیں شہداء کی قربانیوں کی بدولت قائم ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے غازی اس وقت بھی مورچوں پر مادری وطن اور ہماری حفاظت کر رہے ہیں ۔
قبل ازیں یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ 6ستمبر 1965کوافواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ۔
انہوں نے کہا کہ اس دن مسلح افواج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کر دیا کہ ہم اپنے مادر وطن کی حفاظت کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ6ستمبر 1965پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن ،آج کی تاریخ پاکستانی قوم میں مادر وطن کے لئے ایک نیا جذبہ پیداکرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کا دن دنیا کے لئے پیغام ہے کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی حفاظت ،ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ اس دن پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیاتھا ۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ آج کے دن قوم وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایک عظیم ، مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Load/Hide Comments