یوم دفاع پاکستان و شہداء ملک

یوم دفاع پاکستان و شہداء ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

ویب ڈیسک: یوم دفاع پاکستان و شہداء ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس دن صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع کوہاٹ، بنوں، نوشہرہ، چترال، سوات، مالاکنڈ، شمالی وزیرستان کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی یوم دفاع پاکستان و شہداء کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
کوہاٹ اور بنوں میں یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے یادگار شہداء پر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی، جنرل آفیسر کمانڈنگ کوہاٹ میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی اور شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شہداء کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ اس موقوع پر شہداء کے لواحقین اور سول حکام بھی موجود تھے جنہوں نے دفاع وطن کے عزم کو دہرایا۔
شمالی وزیرستان میں یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عادل افتخار نے خصوصی طور پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
مختلف تقریبات میں طلباء و طالبات، علاقہ مشران، عسکری و سول حکام اور دیگر مہمانان نے شرکت کی۔ طلباء نے تقاریر، ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعہ شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے مادرِ وطن کی حفاظت کی خاطر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھرے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چترال، سوات اور مالاکنڈ کے اضلاع میں فرنٹیئر کور نارتھ کے زیر اہتمام یوم دفاع و شہداء جوش و خروش سے منایا گیا۔
فرنٹیئر کور نارتھ کے مقامی حکام کی جانب سے شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ حکام کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقاتیں اور ان کے پیاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ضلع نوشہرہ میں اے ایس سی سکول اور سینٹر میں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
میجر جنرل احمد کمال، ڈائیریکٹر جنرل سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انکے کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

6 ستمبر کو یوم دفاع کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاک فوج اور نیوی کی جانب سے یاد گار شہداء گوادر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور ملکی سلامتی اور شہدا کیلئے دعا کی گئی۔
تقریب میں گوادر کی ضلعی انتظامیہ، مختلف اداروں کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔
ادھر پاک بحریہ نے یومِ دفاع و شہداء پاکستان عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا، اس دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہوا۔
اس موقع پر 1965ء کی جنگ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے اس دن کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ یہ دن مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمارے اتحاد اور قربانی کے جذبے کی تجدید کا دن ہے- یہ یادگار دن قوم و مسلح افواج کے ناقابل تسخیر رشتے کی بھی علامت ہے۔
نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بحری سرحدوں کے دفاع اور سمندری تجارتی راستوں کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ ہمہ وقت تیار ہے۔

یاد رہے کہ یوم دفاع پاکستان و شہداء ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس دن صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل پر حملے میں 90فیصد اہداف کامیابی سے نشانہ بنے، ایران