ویب ڈیسک: ضلع مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرحملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز ے ہاتھوں چاروں خودکش بمبار مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ستمبر کو صبح 4 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران جوابی کارروائی میں چاروں خودکش بمبار کسی بھی قسم کے نقصان پہنچانے سے قبل ہی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع مہمند میں دہشتگردوں کی فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے اور انہیں ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ ضلع مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرحملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز ے ہاتھوں چاروں خودکش بمبار مارے گئے، جس پر وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے انہیںخراج تحسین پیش کیا۔
Load/Hide Comments