میر واعظ عمرفاروق دوبارہ نظر بند

کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق دوبارہ نظر بند

ویب ڈیسک: کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق دوبارہ نظر بند کر دیئے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں حریت رہنما نے کہا ہے کہ انہیں جامع مسجد میں جمعے کے خطبے اور نماز کی ادائیگی سے بھی روک دیا گیا۔
میر واعظ عمر فاروق کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ انہیں طویل نظربندی کے بعد عدالت کے حکم پر رہا کیا گیا، تاہم اس کے چند ہفتوں بعد دوبارہ نظر بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز ان کے دروازے کے سامنے گاڑی کھڑی کردی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ وہ باہر نہیں نکل سکتے، حکام کا یہ طرز عمل افسوس ناک اورآمرانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی اور سماجی شخصیت کی حیثیت سے میری سرگرمیاں روک دی جاتی ہیں، جو میرے ساتھ منسلک ہیں ان تمام لوگوں کو بھی تکلیف پہنچائی جاتی ہے۔
انہوں نے اس طرز عمل کی مذمت کرتے ہوئے اسے منفی سوچ کا عکاس قرار دیدیا۔
حریت رہنما کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قید سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور وکیلوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہےہیں، اس کے برعکس اقدام اٹھاتے ہوئے مزید گرفتاریاں عمل میں لائِی جا رہی ہیں۔
میر واعظ کے مطابق ہزاروں لوگوں کو قید اور نظربند کرکے اور آزادی کا حق چھین کر حالات معمول پر نہیں لائے جا سکتے، طاقت کے بل پر لوگوں کو خوفزدہ کر کے خاموش کیا جا رہا ہے، لیکن حالات ایسے درست نہیں کئے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کو مدنظر رکھ کر مسئلے کا پر امن سیاسی حل نکالا جائے۔
کشمیری رہنما نے کہا کہ نظربندیاں اور پابندیاں ہمیں اپنے مؤقف سے روک نہیں سکتیں، نہ میرے عزم کو کمزور کیا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق دوبارہ نظر بند کر دیئے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں حریت رہنما نے کہا ہے کہ انہیں جامع مسجد میں جمعے کے خطبے اور نماز کی ادائیگی سے بھی روک دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ایس سی او کانفرنس کیلئے سیکورٹی سخت، وزیرداخلہ کی وزیراعظم کو بریفنگ