راستے کنٹینرز لگا کر بند

پی ٹی آئی جلسہ،اسلام آباد کے داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بند

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے جلسے کے باعث اسلام آباد کے داخلی راستے بند ، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ۔
جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔
پی ٹی آئی جلسے کے پیش نظر ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کیا گیا ہے، ریڈ زون میں داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہو گی۔
موٹر وے 26 نمبر چونگی پر داخلی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل اور مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستے بھی بند ہیں۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کو پنجاب سے ملانے والے اٹک پل بھی کنٹینرز رکھ کر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، خصوصا صبح دفاتر جانے والے شہری خوار ہوتے رہے۔
دوسری جانب روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بندکر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور راول پنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے میٹرو بس سروس مکمل کو بھی طور پر بند رکھا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جب کہ امنِ عامہ برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے۔

مزید پڑھیں:  مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کا کیس، پرویزالہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر