پی ٹی آئی کا جلسہ جاری

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ جاری، قائدین سٹیج پرموجود

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا اسلام آباد میں جلسہ جاری ،سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسے میں رکاوٹوں کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد پہنچ گئی ہے جبکہ قائدین سٹیج پر موجود ہیں ۔
جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لیے موبائل فون اورانٹرنیٹ کی سروس کو ڈائون کردیا گیاجبکہ میٹرو بس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
جلسہ گاہ کی جانب جانے والے اہم راستوں پر کنٹینر اور رکاوٹیں کھڑی کیے جانے کے باوجود کارکنان کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئی پی ٹی آئی قائدین کے جلسے سے خطاب کا سلسلہ جاری ہے۔
جلسے کے شرکا سے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر، شیر افضل مروت، راجا ناصر عباس، جمشید دستی، عون عباس پبی اور دیگر نے خطاب کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر اور بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اسٹیج پر موجود ہیں، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ تاحال جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ میں نے آپ سے صوابی کے جلسے میں کہا تھا کہ ہم بڑا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجابیو میدان لگنے لگا ہے تیار رہو، خون کے آخری قطرے تک کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام رکاوٹیں گواہیاں دے رہی ہیں کہ حکمران ہم سب سے خوفزدہ ہیں، یہ حکومت عدالتوں کو ہراساں کر کے قائم ہے، انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی آئین پر یقین نا رکھتا تو کب کا تمہارا دھڑن تختہ ہو چکا ہوتا۔
دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے منتظمین کو جلسہ شام سات بجے تک ختم کرنے کا کہا گیا تھا تاہم جلسہ تاحال جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق این او سی میں جلسے کی اجازت دوپہر 4 بجے سے شام 7 بجے تک دی گئی ہے
قبل ازیں پی ٹی آئی قیادت کو راستے میں رکاوٹوں کے باعث جلسہ گاہ پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ۔
پشاور روڈ پر 26 نمبر چونگی تھوڑی دیر کھولنے کے بعد پھر بند کردی گئی، موٹروے سے آنے والی ٹریفک کا 26 نمبر چونگی سے اسلام آباد داخلہ بند ہے، فیض آباد، راولپنڈی سٹیڈیم روڈ اور آئی جی پی سے نائنتھ ایونیو بھی تاحال بند ہے۔
آئی جے پی روڈ سے متصل داخلی گلیوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں، بعض مقامات پر شہریوں نے کنٹینرز پیچھے دھکیل دیئے ،راستوں کی بندش کے باعث جڑواں شہروں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کے سگنلز ڈائون ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم وٹس ایپ پر تصاویر اور ویڈیوز ڈان لوڈ نہیں ہورہیں۔
انٹر نیٹ کی اسپیڈ ڈان ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  مشرق وسطیٰ کشیدگی، امریکہ سے فوری بات چیت ممکن نہیں، ایران