ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پشاور پہنچ گئے، سردار علی امین گنڈاپور کی واپس پشاور پہنچنے کی تصدیق ان کے بھائی نے کر دی، 8 گھنٹے بعد منقطع رابطے بحال ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور اسلام آباد سے پشاور پہنچ گئے ہیں۔ ان کے بھائی فیصل امین گنڈا پور نے تصدیق کی ہے کہ وہ اسلام آباد میں طویل میٹنگ میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا سات گھنٹے کے بعد موبائل فون آن ہوا۔ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے بھی علی امین گنڈاپور کے واپس پشاور پہنچنے کی تصدیق کر دی۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے مشیراطلاعات و نشریات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے وفاق سے سوال کیا کہ حکومت بتائے کہ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟۔
دوسری طرف سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محفوظ ہیں، انہیں حراست میں نہیں لیا گیا۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں جلسہ ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ادھر اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجا کو خیبرپختونخوا ہاؤس جانے سے روک دیا گیا، اس کے بعد وہ گیٹ سے ہی واپس روانہ ہوئے۔
اس موقع پر انہوں نے نے کہا کہ جس طرح گرفتاریاں کی گئیں، اس سے پارلیمان کا تقدس پامال کیا گیا۔ ملک میں آئین کی بالادستی ختم ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ ہر صورت ہوگا، یاد رہے کہ اسلام آباد جلسے کے بعد پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پشاور پہنچ گئے، سردار علی امین گنڈاپور کی واپس پشاور پہنچنے کی تصدیق ان کے بھائی نے کر دی، 8 گھنٹے بعد منقطع رابطے بحال ہوگئے۔