پارلیمنٹ کا تقدس مجروح

پارلیمنٹ کا تقدس مجروح کیا گیا،جو قابل مذمت ہے: شبلی فراز

ویب ڈیسک: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ کل پارلیمنٹ کا تقدس مجروح کیا گیا،جو قابل مذمت ہے،پارلیمنٹ ہم سب کی ہے ، حکومتی جماعتوں نے اس کی مذمت نہیں کی۔
ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کل پارلیمنٹ سے ہمارے ممبران قومی اسمبلی کو اٹھا کر ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا جوانتہائی قابل مذمت عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہم سب کی ہے ، حکومتی جماعتوں نے اس کی مذمت نہیں کی، ایسا لگتا ہے حکومت عوامی نہیں ذاتی مفادات کی تگ و دو میں لگی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ فارم 47والوں کی موجودگی کیوجہ سے واقعے کی مذمت نہیں کی گئی۔
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی کوشش ہورہی ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پرامن احتجاج والی قانون سازی شرمناک تھی اس میں ہم سب استعمال ہوئے ہیں، ہم نے اپنے پاں پر خود کلہاڑی ماری ہے، انہوں نے کہا کہ یہ قانون سازی پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کے لیے کی گئی۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اجازت کے باوجود رکاوٹیں لگائی گئیں پھر بھی لاکھوں کا مجمع تھا، حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ بھی جلسہ کریں لوگ ہم بھیج دیں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ کنٹینرز لگانے سے لوگ تاخیر سے پہنچے جس سے جلسہ تاخیر سے ختم ہوا، جلسہ تھا سینما کا شو نہیں تھا جو وقت مقرر کررہے تھے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ بھی پاکستانی ہیں، دشمن نہیں ہیں نفرت پیدا مت کریں۔

مزید پڑھیں:  صوبہ بھر میں اے ایل پی سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں، فیصل خان ترکئی