190ملین پاؤنڈ ریفرنس

190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت12ستمبر تک ملتوی

ویب ڈیسک: راولپنڈی کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 12ستمبر تک ملتوی کردی ۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس پر سماعت کی ،سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے لیڈ کونسل عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری لاہور ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث اڈیالہ جیل پیش نہ ہوسکے ۔
وکلا کی عدم دستیابی کے باعث ریفرنس کے آخری گواہ میاں عمر ندیم پر جرح نہ ہو سکی۔
بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر بھی دلائل نہ دیئے جاسکے ، معاون وکیل فیصل چوہدری نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ، نیب پراسیکوشن ٹیم نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی مخالفت کردی ۔
نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح کے لیے وکلا صفائی کو 16 مواقع دیے جا چکے ہیں۔
، وکلا صفائی کی جانب سے 12وکالت نامے اس ریفرنس میں جمع کروائے گئے ہیں ، بیرسٹر علی ظفر اور فیصل چوہدری موجود ہیں یہ آخری گواہ پر جرح کر لیں۔
وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ عدالت ایک موقع دے آئندہ سماعت پر اگر مرکزی کونسل نہیں آتے تو ہم جرح کر لیں گے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی ۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کا پاکستان سے انسانی حقوق، بنیادی آزادی کےاحترام کا مطالبہ