حکومت کا کام آگ بجھانا ہے

حکومت کا کام آگ بجھانا ہے مزید لگانا نہیں، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام آگ بجھانا ہے مزید لگانا نہیں، آئین کی بالادستی کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے نمائندے منتخب کئے، دوسری طرف ہم نے سیاست کو گالی بنا دیا، اسمبلی کی گیلریز میں اس وقت طلبا جو ملک کا مستقبل ہیں وہ بیٹھے ہیں، ہمیں دیکھ کر ان میں سے ایک بھی سیاستدان بننا نہیں چاہے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اسی سیاست سےعوام کو تحفظ اور ریلیف دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم باہر جو چاہیں کریں وہ ہمارا مسئلہ ہے لیکن ایوان کےاندر ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید بتایا کہ حکومت کا کام آگ بجھانا ہے مزید لگانا نہیں، آئین کی بالادستی کے بغیر پارلیمنٹ تو کیا کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، ہمیں ورکنگ ریلیشن شپ رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں، اگر حکومت یہ سوچے گی کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہے تو یہ ایک دن کی خوشی ہو گی، اس کے اگلے دن آپ بھی اسی جیل میں ہوں گے، اگر ہم آپس لڑائی میں لگے رہے تو ملک کیسے آگے بڑھے گا؟
پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں، انہوں نے ماحول خراب کیا تھا، آپ بھی وہی کریں گے جو انہوں نے کیا تو کل آپ اور میں جیل میں ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  ایس سی او اجلاس کیلئے تیاریاں مکمل، سازشی ذہنیت والوں کو گھر بیٹھنا چاہیے