بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی سُپر ہٹ کامیڈی ہارر فلم ‘استری 2′ نے باکس آفس پر ایک اور ریکارڈ توڑتے ہوئے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ‘پٹھان’ کو مات دے دی۔
15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘استری 2′ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن سے ہی باکس آفس پر دھوم مچائی ہے، دُنیا بھر سے کروڑوں کا بزنس کرنے والی اس فلم نے حال ہی میں دو بڑے کارنامے سرانجام دیے ہیں۔
‘استری 2′ نے اپنی ریلیز کے ابتدائی 24 دنوں میں 516.25 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کرکے ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے اسٹار پرابھاس کی فلم ‘باہوبلی 2′ کو شکست دی تھی لیکن اب اس فلم نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی ‘استری 2′ نے 8 ستمبر اتوار کے روز باکس آفس پر 527 کروڑ کا بزنس کرکے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی سُپر ہٹ فلم ‘پٹھان’ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
شاہ رخ خان کی ‘پٹھان’ نے ریلیز کے ابتدائی 25 دنوں میں 524.53 کروڑ کی کمائی کی تھی، اس طرح اب شردھا کپور کی ‘استری 2′ بھارت کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ ‘استری 2′ سال 2018 کی کامیاب فلم ‘استری’ کا سیکوئل ہے، امر کوشک کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں شردھا کپور اور راج کمار راؤ کے علاوہ، ابھیشیک بنرجی، اپارشکتی کھرانہ اور پنکج ترپاٹھی بھی شامل ہیں۔
Load/Hide Comments