ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس نیب کو بھجوانے کا عمل شروع کردیا گیا ۔
احتساب عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر ڈیوٹی جج زبیر شہزاد کیانی نے سماعت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے پیش ہوئے۔
عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔
عدالت میں وکلا نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نیب ترامیم بحالی کے فیصلہ کے بعد ریفرنس قابل سماعت نہیں، احتساب عدالت کو اس ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں رہا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس نیب کو بھجوانے کیلئے درخواستیں دائر کریں، آئندہ سماعت پر ریفرنس واپس بھجوانے کی درخواستوں پر سماعت ہو گی ۔
احتساب عدالت میں سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔
دائر درخواست میں وکلا نے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہو سکتے ، ڈاکٹرز نے حمزہ شہباز کو بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے رکھا ہے، حمزہ شہباز کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کیا گیا ۔
احتساب عدالت نے ریفرنس پر مزید سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔
Load/Hide Comments