پہیہ جام کریں گے

مطالبات پورے نہ ہوئے تو پہیہ جام کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے راولپنڈی میں ورکرز کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مطالبات پورے نہ کئے تو پہیہ جام کریں گے، پہلی بار حکومت نے 45 دنوں کا وقت مانگا تو ہم نے دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ اب حکومت کے پاس 13 سے 14 دن ہیں، اس دوران بھی اگر ہمارے مطالبات پر توجہ نہ دی گئِی تو پہیہ جام کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کر کے حکومت عوام سے قربانی مانگ رہی ہے، وزیراعظم سن لیں، حکومت نے ریلیف نہ دیا تو عوام مہنگی بجلی اور گیس کے بل ادا نہیں کریں گے۔
راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مطالبات کے لیے دیے گئے 45 دن پورے ہونے والے ہیں، ہم تصادم نہیں پرامن جدوجہد کے قائل ہیں، 25 کروڑ عوام اپنا حق چھین کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 14 روپے کے ریلیف سے کچھ نہیں ہوگا، جاگیر داروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا جبکہ غریب عوام کو لوٹا جا رہا ہے، پاکستان میں اشرافیہ وسائل پرقابض ہو چکی، تو دوسری طرف عوام اس بجلی کے ہزاروں ارب روپے ادا کرتے ہیں جو ان پر بنتے ہی نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت ن لیگ کی ہو، پیپلز پارٹی کی یا پی ٹی آئی کی، سب نےعوام کا خون چوسا ہے، قوم کو نان ایشوز کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جماعت اسلامی کے مطالبات اپنی جگہ بدستور موجود ہیں، حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے، آئی پی پیز کے معاہدے ختم کرے، ابھی تو ہم نے شٹر ڈاؤن کیا تھا، اب پہیہ جام کریں گے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سن لیں، اگر حکومت نے ریلیف نہ دیا تو عوام مہنگی بجلی اور گیس کے بل ادا نہیں کریں گے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی بربریت:902فلسطینی خاندانوں کا نام ونشان مٹ گیا