قومی اسمبلی میں حکومت کو اکثریت

ججز ریٹائرمنٹ میں توسیع، قومی اسمبلی میں حکومت کو اکثریت حاصل

ویب ڈیسک: ججز کے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیلئے آئینی ترمیم پر قومی اسمبلی میں حکومت کو اکثریت حاصل ہو گئی ہے لیکن سینیٹ میں انہیں مطلوبہ تعداد نہ مل سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو دو تہائی اکثریت ملتے ہی آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کے ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ حکومت کے پاس اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کی خاطر آئین میں ترمیم کیلئے سینیٹ میں مطلوبہ ووٹوں کی تعداد پوری نہ ہو سکی۔
حکومت قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کر چکی تاہم سینیٹ میں اکثریت کیلئے تین ووٹ کم ہیں۔ اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی تعداد پوری ہو جائے گی تو آئینی ترمیم پیش کرکے پارلیمنٹ سے اس کی منظوری کرالی جائے گی۔
آئین کے آرٹیکل 179 کے مطابق سپریم کورٹ کا جج 65 سال کی عمر تک اپنے عہدے پر فائز رہے گا۔ آئین کے آرٹیکل 195 کے مطابق ہائی کورٹ کا جج 62 سال کی عمر تک اپنے عہدے پر فائز رہے گا۔
یاد رہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا کر 68 کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:  افغانستان سے دہشتگردی:چین روس اور ایران کی پاکستان کے موقف کی تائید