خیبرپختونخوا بھر میں چراغان

جشن عید میلادالنبی ﷺ، خیبرپختونخوا بھر میں چراغان، مجالس و تقاریب جاری

ویب ڈیسک: جشن عید میلادالنبی ﷺ کی خوشی میں خیبرپختونخوا بھر میں چراغان، مجالس و تقاریب جاری ہیں۔
خیبر، بنوں، لوئر و اپر دیر، مردان، لکی مروت اور ٹانک سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں یوم ولادت محبوب خدا، خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے حوالے سے تقریب کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع خیبر میں جشن عیدمیلادالنبی ص مذہبی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے، مختلف علاقوں میں حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی یوم ولادت باسعادت انتہائِ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اس دوران گلہائے اقدس بھی پیش کئے گئے۔
ٹی ایم اے کی جانب سے تاریخی باب خیبر سمیت مختلف سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ حکام نے پولیس کے دفاتر اور چوکیات کو بھی برقی قمقموں سے روشن کر رکھا ہے۔
اس روز گھروں سمیت حجروں میں بھی خیرات و صدقات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دوسری طرف ضلع بنوں میں جشن عید میلادالنبی ص کا مرکزی جلوس میلاد پارک سے برامد ہوا۔
مرکزی جلوس میں سکولوں کے بچے، تاجر برداری، علماء کرام اور سول سوسائٹی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جلوس مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا واپس میلاد پارک بنوں پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے شرکاء کیلئے بازاروں میں جگہ جگہ شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔
ضلع ہری پور میں 12ربیع الاول کے موقع پر میلاد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا اور مرکزی جلوس دربار عالیہ چھوہر شریف اور دارلعلوم اسلامیہ رحمانیہ سے برآمد ہوچکا ہے۔
جلوس کے شرکاء کا استقبال پھولوں کی پتیوں سے کیا جا رہا ہے، شہر بھر سمیت تحصیل خانپور تحصیل غازی میں بھی 12ربیع الاول کے جلوس اور محافل کا اہتمام کیا جارہاہے۔
اس دن چاول اور حلوے کی تقسیم جگہ جگہ جاری ہے، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
ادھر ضلع لکی مروت میں عید میلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس انجمن غلامان مصطفیٰ کے زیر اہتمام غوثیہ جامعہ مسجد سے برآمد ہوا۔
جلوس درود و سلام کی صداؤں سے گونجتا ہوا اپنے روایتی راستوں سے گزر کر میلاد پارک پہنچا جہاں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا۔
جلوس کی سیکورٹی کے لئے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
اس موقع مقررین نے نبی کریم ﷺ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور آپکی حیات کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے مسلمانوں پر زور دیا گیا کہ نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر زندگی گزار کر ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی ممکن حاصل کی جا سکتی ہے۔
ضلع لوئر دیر میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مناسبت سے سرائی پائین تالاش مکی مسجد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
میلاد کی مناسبت سے پورے گاؤں اور مسجد کی عمارت کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، جو انتہائِ دلکش نظارہ پیش کر رہا تھا۔
نعت خوانوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں گل ہائے عقیدت پیش کئے۔ علماء کرام نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور اس دوران اپنے الفاظ کی چاشنی سے لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کئے رکھا۔
مہمان خصوصی مولانا احسان اللہ حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پوری کائنات کے لیے باعث رحمت وبرکت ہے۔
کانفرنس کے موقع پر محفل ذکر اور درود و سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ضع ٹانک میں بھی جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش و عقیدت سے منایا جارہا ہے۔ اس دوران مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکلے جا رہے ہیں۔
ان میں سب سے بڑا جلوس روایتی راستوں سے گزرتا ہوا انوارالسلام مدرسہ پہنچ گیا، اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ضلع مردان میں بھی عید مصطفیٰ ص انتہائی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، مرکزی جلوس پار ہوتی سے برآمد ہو کر بنک روڈ پر پہنچ گیا۔
شہر بھر سے لوگوں نے چھوٹی بڑی ریلیاں نکالیں، مرکزی جلوس پار ہوتی سے برآمد ہوکر بنک روڈ پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں بڑی تعداد مختلف مکتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔
اس دوران مردان شہر کی فضا نعرہ تکبیر اللّٰہ اکبر سے گونج اٹھی، اس دوران علماء کرام نے شان رسالت بیان کیا۔
اس دن کی مناسبت سے مردان شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، تاہم جلوس منتظمین نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ناقص سیکورٹی عدم تعاون پر شدید تنقید کی۔
یاد رہے کہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کی خوشی میں خیبرپختونخوا بھر میں چراغان، مجالس و تقاریب جاری ہیں۔ خیبر، بنوں، لوئر و اپر دیر، مردان، لکی مروت اور ٹانک سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں یوم ولادت محبوب خدا، خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے حوالے سے تقریب کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت نے پشتون قومی جرگہ کیلئے خیمے بھیج دئیے