ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، سائبر حملے تشویشناک ہیں، پاکستان لبنان کی سلامتی کی حمایت کرتا ہے، پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ روز روس کے نائب وزیراعظم نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی، اس دوران فریقین کے مابین کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روس پاکستان رہنماوں کے مابین ہونیوالی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے لبنان میں حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے جبکہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کی مہم جوئی علاقائی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جہاں مقبوضہ کشمیر میں انتخابات ناقابل قبول قرار دیدیئے وہیں لبنان میںدہشتگردی کی مذمت کی.
Load/Hide Comments