pcb 1 1

پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے لیے انتیس رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

کراچی: پی سی بی نے انگلینڈ کے طویل دورے کے لیے 29 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا گیا ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ انگلینڈ کے دورے میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنی ہے،کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پی سی بی کو اس بات کی اجازت دے رکھی ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں کھلاڑی اس دورے پر بھیج سکتا ہے،

اس دورے کے لیے تمام کھلاڑیوں کی ایک ساتھ روانگی اور واپسی ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈ پہنچ کر دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہوگا،ٹیم کے اعلان سے ایک روز قبل فاسٹ بولر محمد عامر اور حارث سہیل نے دورے میں اپنی عدم دستیابی کے بارے میں بورڈ کو آگاہ کردیا تھا،محمد عامر کے یہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے جبکہ حارث سہیل نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر دورے سے معذرت کی ہے۔ حارث سہیل کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ فیملی کے بغیر دورے پر جانے کے لیے تیار نہیں ،

گذشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے موقع پر بھی انھوں نے اپنی فیملی کو ساتھ رکھنے کے بارے میں بورڈ سے خصوصی اجازت لی تھی، انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ 29 رکنی سکواڈ میں نیا نام حیدر علی کا ہے جنھوں نے حالیہ انڈر 19 میچوں ا ور پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں عمدہ کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے،

انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی انڈر 19 سیریز میں 317 رنز سکور کیے تھے جبکہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ میں وہ 218 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے،اس کے علاوہ حیدرعلی نے قائداعظم ٹرافی میں 645 رنز بنائے تھے جس میں فائنل میں سنچری قابل ذکر تھی،حیدر علی کو ان کی اسی عمدہ کارکردگی کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا ہے،

فاسٹ بولر سہیل خان کی 29 رکنی اسکواڈ میں واپسی اس لحاظ سے حیران کن ہے کہ انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ چار سال قبل آسٹریلیا کے خلاف میلبرن میں کھیلا تھا،گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں انھوں نے نو میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ پاکستان سپر لیگ میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے تھے،

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے دورے پر روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20اور 25جون کو ہوں گے،اگر کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تو اس کی جگہ ریزرو کھلاڑیوں میں سے کسی کو سکواڈ میں شامل کر لیا جائے گا،بورڈ نے بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر رکھا ہے۔