‘عائشہ جہانزیب کیس’ ڈاکٹر عمر عادل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

معروف اینکر پرسن عائشہ جہانزیب کیس میں یوٹیوبر ڈاکٹر عمر عادل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیوبر ڈاکٹر عمر عادل نے اپنے یوٹیوب چینل پر عائشہ جہانزیب سے متعلق انتہائی نامناسب گفتگو کی تھی جس کے بعد اینکر پرسن نے سائبر کرائم کے تحت یوٹیوبر کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔
عائشہ جہانزیب کے مقدمے پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم ونگ نے عمر عادل کو گرفتار کرلیا تھا۔
ڈاکٹر عمر عادل نے عدالت میں اپنی درخواست ضمانت جمع کروائی تھی جس پر آج ضلع کچہری لاہور میں سماعت ہوئی۔
اینکر پرسن عائشہ جہانزیب کی جانب سے زین قریشی ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ عائشہ جہانزیب بھی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
وکیل مدعی عائشہ جہانزیب نے استدعا کی کہ عائشہ جہانزیب ملزم عمر عادل کو جانتی تک نہیں، ملزم کی تمام گفتگو ریکارڈ کا حصہ ہے، ملزم کی ضمانت خارج کی جائے۔
دوسری جانب وکیل عمر عادل نے استدعا کی کہ عمر عادل پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں، عمر عادل پر اسی نوعیت کے پہلے بھی دو مقدمے درج ہوئے جن میں ضمانتیں ہوچکی ہیں۔
عمر عادل کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں پیغام دیا گیا ہے کہ ایک مقدمے سے ضمانت ہوگی تو دوسرے مقدمے میں گرفتار کرلیں گے، عدالت ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کرے۔
مدعی اور ملزم کے وکیل کی استدعا سُننے کے بعد عدالت نے ڈاکٹر عمر عادل کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ نصرت آراء کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے