ایم ڈی کیٹ 2024کے انعقاد

پشاور: ایم ڈی کیٹ 2024کے انعقاد کے حوالے سے تمام ممکنہ انتظامات مکمل

ویب ڈیسک: پشاور میں ایم ڈی کیٹ 2024کے انعقاد کے حوالے سے تمام ممکنہ انتظامات مکمل ،ٹیسٹ سنٹرز کے گردو نواح میں دفعہ 144نفاذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اس حوالے سے سول سیکرٹریٹ پشاورمیں ایم ڈی کیٹ 2024کے انعقاد سے متعلق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد مجید کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں سیکرٹری ایچ ای ڈی،سیکرٹری ہیلتھ ، وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق اور صوبے کے تمام ڈویژنزکے کمشنرزنے شرکت کی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 22ستمبرکو منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2024کے لئے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔
متعلقہ ادارے ٹیسٹ کے شفاف اور کامیاب انعقاد کے لئے کے ایم یوکو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔
ٹیسٹ سنٹرز کے گرد نواح میں دفعہ 144 نافذ رہے گی،طلبہ کی تصدیق نادرا کے بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ہوگی جبکہ طلبا کو رول نمبر سلپ اور شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی مواد ساتھ لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹیسٹ سنٹرز کے باہر سکیورٹی اور نظم و نسق کی ذمہ داری صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ ادارے انجام دیں گے۔
سول ایڈمنسٹریشن ، پولیس، اینٹیلیجنس ایجنسیوں اور ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئیں ، خلاف ورزی کرنے والوں کو حوالہ پولیس کر کے ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
ٹیسٹ سنٹرز کی نگرانی کے لئے خصوصی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے علاوہ سنٹرز کے ارد گرد موبائل فون سروس کی معطلی کے لیئے جیمرز بھی لگائے جائیں گے۔
طلبہ کی تصدیق نادرا کے بائیومیڑک سسٹم کے ذریعے ہوگی،طلبا کی تلاشی تین مراحل میں لی جائیگی جس کے لئے میٹل ڈیٹیکٹر کے علاوہ باڈی سرچ کی جائے گی۔
طالبات کے باڈی سرچ کے لئے خواتین پولیس اہلکاروں کے علاوہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا بندوبست کیا جائیگا۔
رش سے بچنے کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا جائے گا جبکہ طلبا کی سہولت کے خاطر ٹیسٹ کے روز بی آر ٹی کی دو طرفہ خصوصی اضافی بسیں چلائی جائیں گی۔
طلبا کو گھڑیاں، کیلکولیٹر، امتحانی گتہ، پین، پنسل، زیورات اور اے ٹی ایم کارڈ نہ لانے کی سختی سے ہدایت کی گئی ۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ کہ ایم ڈی کیٹ کا شفاف اور پرامن انعقاد صوبائی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے جسکے لیئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سے ہمارے ہونہار طلبا کا مستقبل وابستہ ہے لہذا انہیں ٹیسٹ کے دوران ساز گار ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
چیف سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ طلبا کو سنٹرز میں سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے منرل واٹر ، جوس، بسکٹ، بال پوائنٹ اورامتحانی گتے کے علاوہ ٹائلٹ اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔
ٹیسٹ سنٹرز میں 1122اور ڈاکٹرز پر مشتمل طبی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ،ہر ٹیسٹ سنٹر میں ایمبولینس سروس کا بندو بست بھی کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کے نتائج 72گھنٹوں کے اندر اندر جاری کیئے جائیں گے جو کے ایم یو کے آفیشل ویب سائیٹ پر دستیاب ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  صوابی میں ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ ،مدرسے کے 20سے زائد طلباء زخمی