اسرائیل نے حد پار کر لی

اسرائیل نے حد پار کر لی، اب انتقام کا وقت آن پہنچا، حزب اللہ

ویب ڈیسک: حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ایک منٹ میں ہزاروں افراد قتل کرنے کی کوشش کر کے اسرائیل نے حد پار کر لی، اب انتقام کا وقت آن پہنچا، اب ہم انتقام بھی لیں گے اور غزہ کی حمایت بھی کرینگے۔
حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ پیجر دھماکوں کے ذریعے اسرائیل نے ایک منٹ میں ہزاروں افراد کو قتل کرنے کی کوشش کر کے سرخ لکیریں پار کرلی۔ اعلان جنگ اسرائیل نے کر دیا ہے، اب انتقام کا وقت آن پہنچا اور اب حزب اللہ انتقام لے کر رہے گی۔
لبنان میں مواصلاتی حملوں کے بعد اپنے پہلے خطاب میں حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے انسانیت اور سکیورٹی کی بہت بڑی ناکامی تھے تاہم اس سے اسرائیل حزب اللہ کو گھٹنوں کے بل نہیں لا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیجر دھماکے بازاروں، گھروں اور ہسپتالوں کے اندر ہوئے جن میں اسرائیل نے جان بوجھ کر سویلینز کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں کے ذریعے زیادہ سے زیاہ لوگوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی، چاہے اس کے نتائج کچھ بھی نکلیں اور اس کیلئے کیا ہی قیمت چکانی پڑے۔
حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل 8 اکتوبر کے بعد اپنے شمالی علاقے سے فرار ہو چکا ہے، اب اسے دوبارہ وہاں لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک منٹ میں ہزاروں افراد قتل کرنے کی کوشش کر کے اسرائیل نے حد پار کر لی، اب انتقام کا وقت آن پہنچا، اب ہم انتقام بھی لیں گے اور غزہ کی حمایت بھی جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا پورے خطے کیلئَے فوڈ باسکٹ ہے، صوبائی وزیر زراعت