ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثات رونما ہوئِے جن میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
مردان، صوابی، ٹانک اور مالاکنڈ میں پیش آنے والے فائرنگ و حادثات کے دوران 4 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
ضلع مردان میں اراضی تنازعہ پر بھائی نے بھائی پر فائرنگ کر کے اس کی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔
مردان خاص میں ملزم اختر منیر نے اراضی تنازعہ پر اپنے بھائی پر فائر کھول دیا، اس دوران اختر منیر کی فائرنگ سے اس کا بھائی وقاص موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
واقعہ کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ ریسکیو نے لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
ضلع صوابی کے علاقے کالو خان محلہ باز خیل میں نماز جمعہ کے وقت مسجد کے قریب فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ زبانی تکرار کی وجہ سے پیش ایا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس نے لاشیں کالو خان ہسپتال منتقل کر دیں۔
ضلع ٹانک میں دو مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے ۔ پولیس نے رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔
ضلع مالاکنڈ کی مین شاہراہ پرپہاڑی میں مسافروین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، اس حادثہ میں 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
افسوس ناک واقعہ مالاکنڈ کے مین شاہراہ پہاڑی میں اس وقت پیش آیا جب ایک بدقسمت مسافر وین تیمرگرہ سے مردان جارہی تھی، اس دوران ڈرائیور موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی قابو نہ کر سکا اور یوں بے قابو ہو کر مسافر وین پہاڑی سے نیچے گر گئی۔
اس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد ڈرائیور سمیت شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو نے زخمیوں کو طویل جدوجہد کے بعد نکال کردرگئی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کی جانب سے دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، اس لئے انہیں مردان ریفرکر دیاگیا ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثات رونما ہوئِے جن میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
Load/Hide Comments