جسٹس منیب ججز کمیٹی سے باہر

جسٹس منیب ججز کمیٹی سے باہر، جسٹس امین الدین رکن نامزد

ویب ڈیسک: پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد شروع ،چیف جسٹس نے جسٹس منیب اختر کو تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کے دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر باضابطہ طورپر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس منیب اختر کو تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر کر کے ان کی جگہ جسٹس امین الدین خان کو کمیٹی رکن نامزد کردیا ہے ۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
واضح رہے کہ کمیٹی کے رکن بننے والے جسٹس امین الدین خان سینیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
تین رکنی ججزکمیٹی بینچزکی تشکیل اور انسانی حقوق کے مقدمات کاجائزہ لیتی ہے۔
تین رکنی ججز کمیٹی میں چیف جسٹس کے علاوہ سینئرترین جج جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین رکنی ججز کمیٹی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کیے تھے جس کے بعد وہ نافذ ہوگیا تھا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 کی ذیلی شق ایک کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی مقدمات مقرر کرے گی، کمیٹی چیف جسٹس، سینئر ترین جج اور چیف جسٹس کے نامزد جج پر مشتمل ہو گی۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی بربریت:902فلسطینی خاندانوں کا نام ونشان مٹ گیا