ویب ڈیسک: وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جلسے میں لوگوں کو دیہاڑی پر لے جایا جاتا ہے، خیبرپختونخوا میں قیدی نمبر 804 کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں جانتا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے مسائل کے حل کی باری کب آئے گی، خیبرپختونخوا کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کو بے گھر ہونا پڑا، خیبرپختونخوا کے عوام نے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا شدید مسئلہ ہے، سوات میں ایک بڑے سانحہ سے خوش قسمتی سے بچ گئے۔ صوبائی حکومت امن کے قیام کو یقینی بنائے۔
رہنما ن لیگ نے بتایا کہ ایک طرف خیبرپختونخوا میں لوگ شام کو گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے، دوسری طرف صوبے میں ڈینگی کا مرض پھیلتا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا حکومت ناچ گانے کی بجائے صحت مسائل پر توجہ دے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا ایجنڈا پاکستان تباہ کرنا ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں کتنے کھیلوں کے میدان بنائے؟
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے لوگوں کو گمراہ کر کے قیدی نمبر 804 کی رہائی کے لیے جلسے شروع کئے ہیں، اور پی ٹی آئی جلسے میں لوگوں کو دیہاڑی پر لے جایا جاتا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ترجیحات ملک اور صوبے کے لئے نہیں، صوبے میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں موجودہ وزیر اعلیٰ کی یہ ترجیح ہے ہی نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر راج آئینی اقدام ہے، غیر آئینی نہیں، فی الحال ہمارے پاس گورنر راج کے علاوہ کئی دیگر آپشنز موجود ہیں، آئینی ترمیم خواہش ہے جس میں عوام کے لیے بہت کچھ ہے۔
Load/Hide Comments