ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ آئینی ترامیم کے بینیفشری ہیں جو انصاف نہیں ہونے دے رہے،اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے ۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کل سے جو ہو رہا ہے سب کو پتا چل گیا ہے یہ کیا کر رہے ہیں ، یہ سب گینگ آف تھری کو توسیع دینے کے لیے کیا جا رہا ہے ملک کا بیڑا غرق تو انہوں نے کر لیا، اب سپریم کورٹ کو بھی تباہ کر رہے ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ یہاں سارے فیصلے لکھے ہوئے آتے ہیں، ججز آ کر سنا دیتے ہیں ، یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز بھی تابع ہو جائیں ۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حکومت ساری عدلیہ کو تباہ کرنے پر لگی ہوئی ہے ۔ الیکشن فراڈ کو کور کرنے کے لیے ان کو اپنے ججز چاہئیں ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 8فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا، ایک مرتبہ بھی قاضی فائز عیسیٰ نے یہ نہیں کہا کہ ہماری خواتین اور کارکنان جو جیلوں میں ہیں ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ 9مئی واقعات میں انہوں نے آگ لگائی۔ آئی ایس پی آر جواب دے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کہاں گئیں؟ یہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپر نہ آئے ۔
انہوں نے کہا کہ کہا کہ ہمیں کوئی بھی جلسہ نہیں کرنے دیا جا رہا، چیف جسٹس کا یہ کام ہوتا ہے کہ وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے ۔ ساری قوم کو پتا ہے کیا ہو رہا ہے ،چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ملے ہوئے ہیں ۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈوب رہا ہے ، چیف الیکشن کمشنر کو پتا ہے کہ اس پر آرٹیکل 6 لگے گا، اسی لیے الیکشن فراڈ کو دبایا جارہا ہے ۔
سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تعریف چیف جسٹس کرتا ہے ، تھرڈ امپائر سب کنٹرول کر رہا ہے وہ ان کی ٹیم کا کپتان ہے ان کا مقصد یہ ہے کہ فراڈ سامنے نہ آ جائے اور پی ٹی آئی اوپر نہ آ جائے ۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ڈر سے سپریم کورٹ اور جمہوریت کو تباہ کیا جا رہا ہے ، آج ججز کو دھمکیاں مل رہی ہیں، کیوں قاضی فائز عیسی نہیں سنتا وہ اس لیے نہیں سن رہا کیوں کہ قاضی ان کا حصہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے ۔
عمران خان نے مطالبہ کیا کہ اگلے چیف جسٹس کی تقرری کا اعلان کیا جائے ،جسٹس منصور علی شاہ کو مکمل بیک کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت یحییٰ خان پارٹ ٹو حکومت ہے ، مشرقی پاکستان کے لوگ پاکستان کو چھوڑنا نہیں چاہتے تھے وہ لوگ حقوق چاہتے تھے طاقت کا استعمال کر کے انہیں علیحدگی کی جانب دھکیل دیا گیا ۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئینی عدالت کا مقصد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرنا ہے ۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی پاور کو ختم کرکے قاضی فائز عیسیٰ کو آئینی کورٹ میں بٹھانا چاہتے ہیں ۔
Load/Hide Comments