7ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج

آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے 7ارب ڈالرز قرض کی منظوری

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کیلئے 7ارب ڈالرز قرض کی منظوری دے دی گئی ۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ایم ڈی کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو 30ستمبر تک 1.1ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض 5فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔
صحافیوں سے گفتگو میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا تھاکہ پاکستان کو ایک ارب یا ایک ارب 10کروڑ ڈالرز تک کی پہلی قسط ملے گی۔
قبل ازیں نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھاکہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کردیں، سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں 12 جولائی کو ایکسٹنڈڈ فیسلیٹی قرض پروگرام طے ہوا تھا۔
قرض منظوری سے پاکستان میں معاشی اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے، پاکستان پر ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوگا، معاشی استحکام کیلئے پاکستان کو ٹیکس آمدنی بڑھانا ہوگی۔

مزید پڑھیں:  صوبہ کا بڑا 3روزہ یوتھ سمٹ مالاکنڈ یونیورسٹی میں اختتام پذیر