افغانستان میں فتنہ الخوارج متحرک ہیں

افغانستان میں فتنہ الخوارج متحرک ہیں جسے روکنا ہوگا، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج متحرک ہیں جسے روکنا ہوگا، جموں و کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونے سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سلامتی کونسل کے مباحثے لیڈر شپ فار پیس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعات حل نہ کرنے سے ہمارا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے، جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کو بھی حاصل ہونا چاہئے، طاقت کے غیر قانونی استعمال کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے۔
اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج متحرک ہیں جسے روکنا ہوگا، افغانستان سے دہشتگردی، خاص طور پر داعش اور فتنہ الخوارج کا خطرہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سلامتی کونسل کو افغانستان سے بڑھتے دہشتگردی خطرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنا چاہیے، جوہری اور روایتی ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کی عالمی کوششوں کو بحال کرنا چاہیے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سلامتی کونسل کے مباحثے لیڈر شپ فار پیس میں کہا کہ اسرائیل پر ہتھیاروں کی فراہمی سمیت دیگر پابندیاں بھی لگائی جائیں، نئے ہتھیاروں اور اے آئی سمیت ٹیکنالوجیز پر کنٹرول قائم کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کے نامور اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے