فرد جرم عائدکرنے کی تاریخ مقرر

توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشری بی بی پر فرد جرم عائدکرنے کی تاریخ مقرر

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی ۔
خصوصی عدالت کے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستوں پراڈیالہ جیل میں سماعت کی۔
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
وکلا صفائی نے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں پر اپنے دلائل مکمل کرلیے۔
پراسیکیوشن ٹیم کے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہوسکے، پراسیکیوشن نے دلائل کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔
وکلا صفائی کی جانب سے دلائل کے لیے پراسیکیوشن کو مزید وقت دینے کی مخالفت کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے درخواست کی کہ عدالت ضمانت کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کرے، اگر کچھ نہیں ہونا تو عدالت ہماری ضمانت کی درخواستیں خارج کردے، سماعت کی آج کی تاریخ بھی پراسیکیوشن کی مرضی سے دی گئی تھی، اب کیا ہرکام پراسیکیوشن کی مرضی سے ہوگا۔
اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی نے بھی روسٹرم پر جا کر آج ہی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف چاہتیہیں، جو ہو رہا ہے یہ انصاف نہیں، الیکشن سے پہلے 5 دنوں میں 3سزائیں سنادی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ میری بیوی بشریٰ بی بی کا اس کیس سے کچھ لینا دینا نہیں پھر بھی جیل میں ہے، ہم 22 گھنٹے جیل کے دڑبے میں گزارتے ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کرے۔
عدالت نے پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی۔
اس کے علاوہ عدالت نے توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد کرنیکی تاریخ بھی مقررکردی۔
عدالت کے مطابق توشہ خانہ ٹوکیس میں 2 اکتوبرکو بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد کی جائیگی۔

مزید پڑھیں:  کالعدم پی ٹی ایم سے متعلق پٹیشنز پر عدالتی فیصلے جاری