ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا کو گورنر فیصل کریم کنڈی نے خط لکھ دیا ہے، اس میں صوبائی حقوق کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس کی تجویز دیدی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبہ کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو تحریری خط ارسال کردیا۔
صوبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کے لئے گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف سمیت صوبہ کی تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی صدور کو تحریری خط لکھا گیا ہے۔
گورنر کی جانب سے جاری خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی ہم آہنگی کا فروغ اور صوبہ کے وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے وفاق سے بات کرنا اور مثبت انداز سے صوبہ کا حق لینا ضروری ہے۔
خط میں گورنر کی جانب سے مزید لکھا گیا ہے کہ اس مقصد کے لئے یونائیٹڈ ٹاسک کے قیام کی تجویز پیش کرتا ہوں، اس فورس کو گورنر ہاؤس کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ قیام امن، تیل پر ایکسائز ڈیوٹی، این ایف سی ایوارڈ کے تحت پانی کا حصہ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور دیگر حقوق کا حصول اس ٹاسک فورس کی ترجیحات ہونگی۔
گورنر کی جانب سے جن سیاسی جماعتوں اور قائدین کو خط لکھا گیا ہے اس میں عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین، قومی وطن پارٹی کے سکندر حیات شیرپاؤ، صوبائی امیر جمعیت علماء اسلام سینٹر مولانا عطا الرحمن کے نام شامل ہیں۔
گورنر کی جانب سے صوبائی صدر مجلس وحدت المسلمین مولانا جہانذیب علی جعفری، صوبائی صدر تحریک لبیک پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی، صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ ن انجنیئر امیر مقام کو بھِ خط لکھے گئے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین محمود خان، صوبائی صدر مزدور کسان پارٹی سلار فیاض علی، مولانا حامد الحق حقانی صوبائی صدر جمیعت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے نام بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔
صوبائِی مسائِل کے حل کیلئَے گورنر کی جانب سے پروفیسر محمد ابراہیم صوبائی صدر جماعت اسلامی، سید محمد علی شاہ صوبائی صدر پیپلز پارٹی، فیاض صوبائی صدر جمعیت علمائے پاکستان نورانی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کے انعقاد کے لئے تمام قائدین یا ان کے نمائندوں کو گورنر ہاؤس پشاور میں بلانے کا عندیہ دیا گیا ہے تاکہ ایک مشترکہ چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرکے وفاق کو بھجوایا جائے۔
یاد رہے کہ صوبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو فیصل کنڈی نے خط لکھ دیا ہے، اس میں صوبائی حقوق کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس کی تجویز دیدی۔
Load/Hide Comments