حکومتی رٹ موجود نہیں

ڈی آئی خان سے کوہاٹ تک حکومتی رٹ موجود نہیں،گورنر فیصل کنڈی

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان سے کوہاٹ تک حکومتی رٹ موجود نہیں اکثریتی علاقہ نوگر یریا بن گیا ہے ۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت امن قائم کرنے میں ناکام ہے اور آئے روز بدامنی بڑھ رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو جلسے جلوسوں سے فرصت نہیں وہ امن و امان پر کیا توجہ دیں گے ۔
گورنر نے کہا کہ آج جو لوگ سڑکوں پر ہیں انہیں ہم نے پرامن پاکستان دیا تھا، کے پی حکومت کو 600ارب سکیورٹی کے لئے ملے لیکن پولیس کے پاس وسائل نہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پکتونخوا حکومت ایک نعرے پر چل رہی ہے وہ کرپشن کرپشن کرپشن ہے، پشاور بی آر ٹی میں کرپشن سامنے آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام وزیر، مشیر اور ترجمان میرے خلاف بول لیں کیونکہ انہوں نے نوکری پکی کرنی ہے، اگر میرا بھائی خلاف بولے گا تو اس کا تو جواب دوں گا۔
فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ میں نے صوبے کے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو خط لکھا ہے، ناچاہتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھی خط لکھا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خط میں لکھا ہے کہ صوبے کا ایک مقدمہ بنائیں اور مرکز کے سامنے پیش کریں، ہم وہ مقدمہ گالم گلوچ کے ساتھ نہیں، دلیل اور دلائل کے ساتھ پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ، وزیراعظم سے بھی صوبے کے امن پر تفصیل سے بات کروں گا۔
آئینی عدالتوں کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ آئینی عدالتوں کے قیام کے لئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو جگہ جگہ جا رہے ہیں، وسیب کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئِی انٹراپارٹی انتخابات، چیف جسٹس نےالتوا مانگنا تاخیری حربہ قراردیدیا