عدم استحکام مزید بڑھے گا

حسن نصراللہ کی شہادت سے عدم استحکام مزید بڑھے گا: پاکستان

ویب ڈیسک: پاکستان نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت پر ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں مشرق وسطی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کو قتل کرنے سے خطے کے عدم استحکام میں اضافہ ہوگا، مشرق وسطی میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری آبادیوں پر اس قسم کی حملے بین الاقوامی قوانین کی پامالی ہے، یہ حملے اور عالمی قوانین کی پامالیاں تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی افواج کئی روز سے لبنان کی خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج شہری آبادیوں کو مسلسل نشانہ بنانے میں مصروف عمل ہیں، اسرائیلی افواج سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں، حملوں سے متاثرہ افراد، ان کے خاندان اور لبنان کے عوام سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان لبنان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑا ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے۔

مزید پڑھیں:  پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، بند راستے ہم کھلوا لیں گے، عمر ایوب خان