پختونوں اور پنجابیوں کو لڑوانا

علی امین پختونوں اور پنجابیوں کو لڑوانا چاہتے ہیں ،عظمیٰ بخاری

ویب ڈیسک: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پورپختونوں اور پنجابیوں کو لڑوانا چاہتے ہیں ،ہم سیاسی گدھ نہیں جو لاشوں کا انتظار کریں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور ہوش کے ناخن لیں، پنجاب میں بدمعاشی اور غندہ گردی کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں دفعہ 144کی خلاف ورزی کی، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ یہ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ یہاں ترقی کیوں نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ پارٹی پاکستان کے عوام کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی، آپ نے احتجاج کرنا ہی ہے تو خیبرپختونخوا میں کیوں نہیں کرتے؟ خیبرپختونخوا میں امن و امان پر اجلاس کیوں نہیں ہوتا؟
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں یونیورسٹیوں کی تعداد کم کی جارہی ہے، وہاں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، آپ کو خدمت کرنا نہیں آتی تو سیکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو کام ہورہا ہے وہ ہوتا نظر بھی آتا ہے، خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل کو برباد کیا جارہا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور پنجابیوں اور پختونوں کو لڑوانا چاہتے ہیں،ہم سیاسی گدھ نہیں جو لاشوں کا انتظار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ ان کے فتنے ،فساد کو دیکھ کر بدظن ہورہے ہیں، پنجاب کے لوگوں نے فتنہ پارٹی کو ریجیکٹ کردیا ہے، پنجاب کے عوام مریم نواز کی کارکردگی کے معترف ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی ، 53فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی